ڈوڈہ / /گزشتہ دوروز سے خطہ چناب کے بالائی علاقوںمیں مسلسل برفباری جبکہ میدانی علاقوںمیںشدیدبارش ہو رہی جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ جموں سرینگر شاہراہ اور بٹوت کشتواڑ شاہراہ کے علاوہ بیشتر ذیلی سڑکیں بھی مسدود ہیں جس کی وجہ سے نقل و حمل پوری طرح جام ہے ۔ کئی روز موسم خوشگوار ہونے کے بعد دوروز سے جاری شدید بارشوںکی وجہ سے نظام زندگی پربریک لگ گئی ہے اور سردی میںبھی اضافہ ہواہے۔ بارش و برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر سے گاڑیوں کی آمدورفت کم رہی تازہ بارشوں سے سردی کی شدت کی وجہ سے لوگوں نے گھروں کے اندر رہنے کو ترجیح دی۔ قصبہ جات کے بازارسنسان رہے۔ علاقہ کی اندرونی سڑکوں پر چٹانیں و پسیاں گر آنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلح دی گئی ہے ۔گول کے گاگرہ، ملی مستیٰ ہارہ، جمن ، گول بازار اور مہاکنڈ ،ڈھیڈہ علاقوںمیںہلکی برف باری ہوئی اور پہاڑوںپربھاری برف باری کاسلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوںداڑم ، سلبلہ، موئلہ، کینٹھہ، سنگلدان، دلواہ، اندھ وغیرہ علاقوںمیںگزشتہ دوروز سے شدید بارشیںہو رہی ہیں۔اس دوران چھاترو سب ڈویژن میں آج دوسرے روز بھی نچلے علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں وقفے وقفے سے برفباری جاری رہی جس کی وجہ سے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے اسکولوں میں طلباء کی حاضری انتہائی کم رہی،اوسطاً اونچائی والے علاقوں میں 10 انچ یا اس سے زیادہ کی برف باری ہوئی ہے جن میں سنگپورہ، چنگام بونڈا دچھڑ زئدار بھاٹہ کوچھال و دیگر بلائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔