بانہال// مسلسل بارشوں سے پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے تین سو کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت دوسرے روز بھی معطل رہی اور کسی بھی قسم کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ٹریفک پولیس کا ایک افسر بیٹری چشمہ کے قریب چپسی سمیت گرتے پتھروں کی زد میں آکر زخمی ہو گیا ہے۔ رام بن بانہال سیکٹر میں شاہراہ کی صفائی کے بعد رام بن میں کل سے درماندہ ایک سو کے قریب چھوٹی مسافر گاڑیوں کو جمعرات کی شام پانچ بجے وادی کی طرف آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے کشمیر عظمی سے باتے کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں مختلف مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ جواہر ٹنل کے ار پار اور پتنی تاپ میں پہاڑوں پر ہلکی ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیڑاہ ، بیٹری چشمہ ،ڈگڈول، پنتھیال وغیرہ مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے ٹریفک کی بحالی کی کوئی بھی کوشش کامیاب ثابت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹری چشمہ کے قریب ٹریفک پولیس کی ایک چپسی گرتے پتھروں کی زد میں آکر نقصان زدہ ہوئی ہے اور اس میں سوار ایک سب انسپکٹر جاوید احمد زخمی ہوگیا ہے ، جسے زخمی حالت میں رام بن ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس دوران ٹریفک کنٹرول روم رام بن کی اطلاع کے مطابق رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کو صاف کرنے کے بعد رام بن میں کل سے درماندہ پڑی ایک سو کے قریب چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کو جمعرات کی شام پانچ بجے وادی کی طرف چھوڑ دیا گیا ہے اور اس دوران مزید کسی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہ تھی ۔