پونچھ//ضلع پونچھ کے گائوں سیڑھی خواجہ اور سیڑھی چوہانہ کے نوجوانوں نے ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کی مانگ کی ہے ۔ نوجوانوں کا ایک اجلاس زیر صدارت یوتھ ضلع صدر محمد عباس منعقد کیا گیا جس میں انصاف موئومنٹ نامی تنظیم کے اشرف ملک، فاروق لون، علی محمد قریشی و دیگر ان بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر انہوںنے کہاکہ یہ بات باعث تشویش ہے کہ سیڑھی چوہانہ کے طلباکو آج بھی کئی کئی کلو میٹر دور جاکر دسویں جماعت کے بعدتعلیم حاصل کرناپڑتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ طلباء کے مسائل کو دھیان میں رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو ہائی سکول کا اپ گریڈ کرناچاہئے ۔عباس ملک نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ ہائی اسکول سیڑھی خواجہ کو ہائر سکنڈری اسکول کا درجہ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیڑھی چوہانہ، ہاڑی بڈھا، ڈنہ ، نیڑیاں اور میدانہ سمیت کئی دیہات کے آٹھ سو سے زائد طالب علموں کو کئی کئی کلو میٹر سفر کر کے ہائر سیکنڈری اسکول چنڈک، ہائر سیکنڈری اسکول لسانہ جانا پڑتا ہے اور اس وجہ سے ان طالب علموں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دریائے سرن میں طغیانی کے سبب کئی بار طلبا اسکول نہیں پہنچ پاتے ۔انہوںنے کہاکہ گائوں کی اکثر لڑکیاں دسویں کے بعد کی تعلیم کو خیر آباد کہنے پر مجبور ہوجاتی ہیں ۔ انہوںنے وزیر تعلیم سید الطاف بخاری سے اپیل کی کہ ہائی سکو ل کادرجہ بڑھاکر اسے ہائراسکینڈری سکول کیاجائے۔