راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے مینجمنٹ سٹڈیز کے سکول میںتوسیعی خطبوں کا اہتمام کیاگیا ۔لکھنئو کے آئی آئی ایم کالج سے آئے ہوئے پروفیسر محمد اکبر نے اپنے خطاب میں کاروبار اور معاشیات میں ابھرتے ہوئے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلباء محنت ولگن میںمصروف رہیں اور پرائیویٹ کمپنیاں بھی ایسے ہی نوجوانوں کی تلاش کرتی ہیں جو آج کے دور کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر چیلنجوںسے نمٹنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔پروفیسر محمد اکبر نے کاروباری ماحول میں حکمت عملی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ادائیگی اورمالیات پر مبنی اداروں کے نقطہ نظر پر بھی بات کی۔ پہلے سیشن میں انہوں نے حکمت عملی کی مختلف اقسام پر تبادلہ خیال کیا اور کاروبار پر بھی روشنی ڈالی ۔ پروفیسر محمد اکبر چار رو زتک یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے اسکالروں سے ملاقات کریں گے جن میں کاروبار اور معاشیات سے متعلق ابھرتے ہوئے مسائل پر بحث ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ اساتذہ اور اسکالروں کے تحقیقی کاموں کا جائزہ بھی لیاجائے گا۔ اس موقعہ پر پروفیسر نسیم احمد ڈین آف اسکو ل مینجمنٹ سٹڈیز نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جبکہ توسیعی خطبے کااہتمام اسسٹنٹ پروفیسر دانش اقبال رینہ نے کیا۔