جموں//مال، امداد، باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر عبدالرحمان ویری نے محکمہ مال کے افسروں کو ہدایت دی کہ محکمہ سے جڑی دستاویزی کارروائی کو عوام دوست بنایا جانا چاہئے۔وزیر موصوف یہاں اپنے دفتر میں اُن سے ملنے آئے ہوئے پٹواریوں کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔پٹواریوں کو محکمہ مال کا نوڈل آفیسر بتاتے ہوئے ویری نے انہیں کاغذی کارروائی میں آسانی پیدا کرنے کی تلقین کی۔عبدالرحمان ویری نے کہا کہ لوگوں کی امیدوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھانا محکمہ مال کے افسران کا فرض ہے۔وزیر موصوف نے محکمہ مال کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ سے فراہم کئے جانے والے مختلف دستاویزات کے تعلق سے حکومت کی جانب سے مقرر کئے گئے وقت کی سختی سے پابندی کریں۔عبدالرحمان ویری نے کہا کہ محکمہ پٹواریوں کے لئے ایک روزہ کانفرنس کے انعقاد پر غور کررہا ہے جہاں انہیں محکمہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کا موقعہ فراہم کیا جائے گا۔وفد نے وزیر کو اپنے مطالبات کا ایک چارٹر پیش کیا اور وزیر نے جائز مطالبات پر غور کرنے کا یقین دلایا۔