مینڈھر//علماء اور لوگوں کے احتجاج کے انتباہ کے بعد شرما بار اینڈ ریسٹورنٹ مینڈھر کے مالک نے شراب کی دکان بند کرنے کا اعلان کردیاہے ۔ تحصیل کمپلیکس مینڈھر میں انتظامیہ کی طرف سے ایک اجلاس منعقد کیاگیا ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو (آئی اے ایس) ،تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان ،ایس ڈی پی او مینڈھر شاہد نعیم چوہدری ،ایس ایچ او مینڈھر عابد رفیقی کے علاوہ امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان امام و خطیب مسجد انور قاسم نگر مینڈھر مولانا مفتح محمد ،امام و خطیب شیپ شیڈ مسجد اڑی مولانا حق نواز خان ،سابقہ سرپنچ مینڈھر دیوندر کمار ٹنڈن، بلرام شرما، حبیب اللہ خان اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر شرما بار اینڈ ریسٹورنٹ کے مالک بلرام شرما نے کہا کہ وہ ہندو مسلم بھائی چارے کو قائم رکھتے ہوئے شراب کی دکان کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں تاکہ ان کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ نہ ہو ۔قبل ازیں مقررین نے شرما بار اینڈ ریسٹورنٹ کو بند کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں شراب کی دکان کو بند کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کا مستقبل بچایاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ نشہ آور اشیاء سے نوجوان تباہ ہو رہے ہیں۔شراب کی دکان بند کرنے کے اعلان پر سبھی لوگوںنے بلرام شرما کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ایسا فیصلہ لیاہے جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ مولانا حضرات نے کہا کہ اس اعلان کے بعد اگر کسی بھی گاڑی یا فرد سے شراب پکڑی گئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ شخص ہوگا اور حکام کو یہ سخت فیصلہ لیناہوگاکہ اس کی ضمانت بھی نہ ہو ۔