پونچھ /کوٹرنکہ / تھنہ منڈی//خطہ پیر پنچال کے تمام بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے جبکہ نچلے علاقوں میں مسلسل چوتھے روز بھی بارش رہی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران تیز ہوائوں نے بھی لوگوں کو پریشان کئے رکھاجبکہ امتحان دے رہے طلباء گرمی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کاشکار ہیں ۔کوٹرنکہ کے بالائی علاقوں میں گزشتہ شب غیر امکانی طور پر ہوئی برف باری سے جہاں ایک طرف سردی کی لہر میں شدید اضافہ ہوا ہے وہی عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ واضح رہے کہ پورے دن بالائی علاقوں میں رک رک کر برف باری کاسلسلہ جاری رہا جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے عام لوگ گھر وں میں محصور ہوکر رہ گئے تھے ۔ اس دوران اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں حاضری نہ کے برابر رہی ۔راجوری ۔بدھل روڈ پر ٹریفک کی نقل وحرکت میں بھی کافی کمی دیکھی گئی تاہم ٹریفک رک رک کر جاری رہا ۔علاقے میں پچھلے 15گھنٹوں سے بجلی غائب ہے اورکچھ مقامات پر ترسیلی لائنیں ہی ٹوٹ گئی ہیں۔امکان ہے کہ ابھی کئی روز تک بجلی کی سپلائی بحال نہیں ہوسکے گی ۔دریں اثناء تھنہ منڈی میں گزشتہ روز کی برف باری سے اسکولی بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔تعلیمی زون تھنہ منڈی کے اسکولوں میں پہلی جماعت سے لیکر ساتویں جماعت تک سالانہ امتحان چل رہے ہیں اور گزشتہ روز کی برفباری اور جمعہ کی بارش سے طلباء کو امتحان دینے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ سردی میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیاہے اور اس سے نمٹنے کے لئے کوئی بھی معقول انتظام نہیں کیا گیا ۔ مقامی لوگوں نے وزیر تعلیم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خصوصی توجہ دیکر تھنہ منڈی تعلیمی زون کو سرمائی زون قرار دیں تاکہ ہر سال سالانہ امتحانات کے دوران بچو ں کو مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے ۔ پونچھ کے تمام بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے جبکہ یخ بستہ ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ لگاتار برف باری اور شدید بارشوں کی وجہ سے پورے خطہ میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں ۔ سردی اس قدر شدت اختیار کرگئی ہے جیسے دسمبر کا مہینہ چل رہاہو ۔اس دوران حکام نے سڑکوںسے برف ہٹانے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی عوام تک پہنچانے کی ہدایت دی ہیں ۔