راجوری //نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں کام چھوڑ ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رکھی جس دوران ضلع اور دیگر طبی مراکز میں کام کاج متاثر رہا۔ملازمین کاکہناہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھیںگے ۔ انہوںنے بتایاکہ ضلع میں ان کی تعداد 471ہے اور کام چھوڑ ہڑتال سے طبی نظام بری طرح سے متاثر ہواہے ۔ان کے مطابق منجاکوٹ طبی مرکز میں پانچ ڈاکٹر اور کچھ نرسیں ، سی ایچ سی کالاکوٹ، سی ایچ سی تھنہ منڈی میں بھی اسی طرح سے بڑی تعداد عملہ ہڑتال پر ہے جس کی وجہ سے سارا نظام درہم برہم ہوگیاہے ۔ان کاکہناہے کہ ان کی مستقلی ملازمت کے علاوہ دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیں جن میں کام کے برابر اجرت اور سوشل سیکورٹی سکیم کا فائدہ دیناشامل ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان میںسے کچھ دس سال سے بھی زائد عرصہ سے کام کررہے ہیں لیکن ان کو حکومت کی طرف سے نظرانداز کردیاگیاہے ۔