سرینگر//نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز ایسوسی ایشن نے وادی کے تینوں صوبوں میں 12ویں دن بھی اپنے مطالبات کو لیکر ہڑتال جاری رکھی۔ ہڑتال کے بارہویں دن جہاں جموں اور کشمیر کے پریس کالونیوں میں احتجاجی کا سلسلہ جاری رہا وہیں سرینگر کے پریس کالونی سے باہر آتے ہی مشن ملازمین نے بطور احتجاج سواری گاڑیوں اور نجی گاڑیوں کی صفائی بھی کی ہے۔ ادھر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میںریگولرائزیشن کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔سرینگر پریس کالونی میں کل راہگیر اور گاڑیوں میں سوار لوگ اسوقت حیران ہوکر رہ گئے جب وردی میں ملبوس نیشنل ہیلتھ میشن کے تحت کام کرنے والے طبی اور نیم طبی عملے سے وابستہ افراد بطور احتجاج گاڑیوں کی صفائی کرنے لگے تاہم پولیس نے احتجاجی ملازمین کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ ادھر نیشنل ہیلتھ میشن کے ملازمین نے جموں کے پریس کلب میں بھی احتجاج جاری رکھا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔ نیشنل ہیلتھ میشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر شاہین نواز نے بتایا ” جموں کے کٹھوعہ میں احتجاجی ملازمین سے نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ آنے والے 24گھنٹوں میں انکے مسائل حال کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو کابینہ میٹنگ بلائی جائے گی ۔“ شاہین نواز نے بتایا کہ جموں اور کشمیر ایسوسی ایشن کے زعماءاسمبلی اسپیکر کیوندر گپتا سے بھی ملے اور انہیں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلدہی یہ معاملہ ریاستی سرکار کے ساتھ اٹھائیں گے۔ “ شاہین نواز نے بتایا ” آج ہم نے وزیر مملکت برائے صحت آسیہ نقاش سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے بھی ہماری خدمات کو سراہا ۔ “ انہوں نے کہا کہ جلدہی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں کمشنر سیکریٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر فائنانس، ڈائریکٹر کوڈز اور ڈائریکٹر ہیلتھ( پلاننگ) اوردیگر اعلیٰ آفیسران کو شامل کیا جائے گا جو مذکورہ ملازمین کو مستقل کرنے کے سلسلے میں پالیسی تشکیل دیں گے۔“ شاہین نواز نے کہا” مجھے پوری اُمید ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے اندر اندر ریاستی سرکار کمیٹی تشکیل دیکر ہمیں کمیٹی ممبران کے لسٹ تحریری طور پر فراہم کریں گے۔