سرینگر//حضرت بل سے لیکر گلاب باغ سڑک کی حالت انتہائی خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہے جبکہ سڑک کے کناروں پر موجود ڈرینیج سسٹم بھی خستہ حالی کی منہ بولی تصویر بن چکی ہے ۔حضرت بل سے حبک،زکورہ سے ہوتے ہوئے گلاب باغ کی سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن چکے ہیںاور بارشوں اور برفباری ہونے کی صورت میں یہ سڑک تالاب کی شکل اختیار کرتی ہے۔سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے کیونکہ جب سڑک پر موجود گہرے کھڈوں سے گاڑیاں گزرتی ہیں تو گندے پانی کی چھینٹوں سے راہ گیروں کے نہ صرف کپڑے گندے ہو جاتے ہیںبلکہ گھر سے باہر کسی کام پر جانے میں بھی دیری ہوجاتی ہے۔گلاب باغ کے اصغر احمد بٹ نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گلاب باغ کے چوک میں برفباری اور بارش کی وجہ سے سڑک تالاب بن جاتی ہے کیونکہ سڑک کے کناروں پر موجود ڈرینیج سسٹم بیکار ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین ڈرین کی صفائی اور دیکھ ریکھ وقت پر کرتے تو کسی قسم کی پریشانی نہ ہوتی۔لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک سڑک پر تار کول وغیرہ بچھایا جائے تب تک سڑک کی مرمت کی جائے تاکہ آبادی کو تھوڑی سی راحت مل سکے۔