سرینگر// راولپورہ علاقے میں بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ راولپورہ ،وانہ بل ،پرباغ ،قیوم کالونی اور آستان محلہ کے علاوہ بنک کالونی کو رنگریٹ کے ریسوینگ سٹیشن سے بجلی سپلائی ہوتی ہے تاہم صارفین کا الزام ہے کہ انہیں 24گھنٹے میں سے صرف 10گھنٹے کی ہی بجلی فراہم ہوتی ہے جبکہ ان علاقوں میں میٹر لگے ہوئے ہیں ۔غلام محمد نامی صارف نے بتایا کہ صبح و شام بجلی کی آنکھ مچولی ہوتی ہے اور یہ سلسلہ ایک ماہ سے جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سرما میں بجلی کی سپلائی میں خلل ہوتی تھی تاہم اب یہ نہیں ہونا چاہئے تھا ۔انہوں نے بتایاکہ شام کے وقت گھنٹوں بجلی بند کرنا اب معمول بن چکا ہے۔ جس کی وجہ سے آبادی کا ایک بڑا حصہ پریشانی میں مبتلا ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں بجلی آنے اور جانے کا کوئی وقت مقررہ نہیں ہے ۔لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں بجلی کی معقول سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔