سرینگر//دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق کان اور نیشنل کانفرنس نے پلوامہ میں سابق سرپنچ فیاض احمد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو غیر انسانی حرکت قرار دیا ہے۔ دیہی ترقی ، پنچائتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے پلوامہ کے رہنے والے ایک سابق سرپنچ فیاض احمد ڈار کی ہلاکت پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ معصوم لوگوں کی جان لینے سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہو گا ۔ وزیر نے کہا کہ انہیں سوگوار کنبے کی حالتِ زار کا بخوبی اندازہ ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ سوگوار کنبے کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا ہو ۔ غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عبدالحق نے انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے ترجمان جنید عظیم متونے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیاض احمد ایک عوامی نمائندہ تھا اور یہ اُن لوگوںکا بھی قتل ہے جنہوں نے اُسے اپنے مسائل حل کرنے کیلئے منتخب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2010میں 90فیصدی لوگوں نے ان پنچایتی نمائندوں کو ووٹ دیکر منتخب کیا تھا اور ان پر حملے کرنا براہ راست عوام اور جمہوریت پر حملے کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے ریاستی سرکار سے اپیل کہ وہ ہلاک ہوئے سرپنچ کے لواحقین کی بھر پور معالی معاونت کریں۔