پونچھ//پونچھ سے تعلق رکھنے والے محمد ادریس شیخ عُرف رُوفی کی چندی گڑھ میں ایک سڑک حادثہ میں ہوئی اچانک موت پر متعدد سماجی، ادبی ،سیاسی، مذہبی اور ثقافتی تنظیموں اور معزز شخصیات نے اُن کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ غور طلب ہے کہ مرحوم نے چندی گڑھ سے حال ہی میں اپنی انجینئرنگ ڈگری مکمل کی تھی اور اب وہ ڈگری حاصل کرنے کی غرض سے چندی گڑھ گیا تھا۔ اس دوران جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد جب وہ واپس ہوسٹل آ رہا تھا کہ اُن کی بائک کا ایک چار پہیہ گاڑی کا ساتھ حادثہ پیش آگیا جس سے مرحوم دارِ فانی سے دارِ جاودانی کو انتقال کر گیا۔صُبح جب مرحوم کا جسدِ خاکی پونچھ پہنچا تو بلا امتیاز مذہب و ملت سینکڑوں کی تعداد میںاہلیانِ پونچھ نے اُن کے گھر پہنچ کر تعزیت اور گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ بعد ازآں اُن کی نمازِ جنازہ اداکی گئی جس میں بھی بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کر کے انہیں پُرنم آنکھوں سے سُپرد خاک کیا۔ مرحوم کے والد ماسٹر اعجاز احمد شیخ اور اُن کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنے والوں میں کامرید کرشن دیو سیٹھی، قانون ساز کونسل کے چیئر مین جہانگیر حُسین میر، ایم۔ایل۔اے پونچھ شاہ محمد تانترے ، ایم۔ایل ۔سی یشپال شرما، ایم۔ایل۔سی ڈاکٹر شہناز گنائی، ایم۔ایل۔اے سُرنکوٹ چوہدری محمد اکرم، مرکزی جامع مسجد پونچھ کے خطیب مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی، کوہسار کلچرل آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹری خالد میر، آل انڈیا سُنی یوتھ وِنگ کے صوبائی صدر اعجاز احمد مدنی، گُردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر نریندر سنگھ جی، سناتن دھرم سبھا پونچھ کے صدر ستیش ساسن، سائی میراں بابا ٹرسٹ کے مینیجنگ ٹرسٹی اور ایس۔ایس۔پی محمد رشید بٹ،لوپیڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے ریاستی صدر عبدالمجید خان، جگجیت سنگھ اوّل، سُرنکوٹ کے کامریڈ مجید شیخ، مقبول حسین قلی، قاسم علی باگن،اصغر علی میر،فیاض آرز وحیاتپوری اور سید نذیر حسین شاہ اور متعدد دیگر معززین بھی شامل ہیں ۔ اس ضمن میں مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی کی صدارت میں جامعہ انوار العلوم پونچھ میں مہتمم ِ ادارہ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب ، اُن کی روح کی تسکین اور پسماندگان کے صبرِ جمیل کے لئے دُعائے خیر کا خصوصی اہتمام کیا ۔