پونچھ//راجوری//سردیوں کے اختتام اور موسم بہار کے آغاز پر ہولی کا تہوار رنگ و خوشبو اور خوشیوں کی ایک بہار اپنے ساتھ لے کر آتا ہے جس کو ہندو، سکھ، بدھ مت اور ہندوستان کے دیگر مذاہب کے لوگ جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ خطہ پیر پنچال میں بھی یہ تہوار خصوصی طور پر ہندو مذہب کے ماننے والے بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔اس سال بھی عقیدت و احترام سے یہ تہوار منایاگیاجس دوران خواتین سج سنورکر اپنے رشتہ داروں اورسہیلیوں کے ہمراہ ہولی مناتی دیکھی گئیں۔ اس سلسلہ میں ایک شوبھا یاترا جو کہ سناتن دھرم سبھا کے بینر تلے نکالی گئی ،میں ہر عمر کے لوگوں نے حصہ لیا ۔یہ شوبھا یاترا گیتا بھون سے نکل کر پونچھ کے مختلف محلوں اور بازاروں سے گزرتے ہوئے رنگ بکھیرتی گئی ۔سناتن دھرم سبھا کے پردھان ستیش ساسن کاکہناہے کہ ہندوستان،پاکستان ، نیپال، سری لنکا کے علاوہ جنوبی افریقہ، برطانیہ اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں ہولی پررنگارنگ تقریبات منعقد کی جاتی ہیں،ہولی کو سنسکرت میں دولہی وندنا بھی کہاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پوجا پاٹ اور خصوصی پکوان بنانے کی تیاریوں کا آغاز کئی دن قبل ہوجاتا ہے، ہولی ہو اور بچے تیاری نہ کریں ،یہ کیسے ممکن ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ میں اس تہوار کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں سبھی مسالک کے لوگ اس تہوار پر ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر خوشیاں مناتے ہیں ۔ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی، سرنکوٹ، اور مینڈھر میں بھی ہولی کے تہوار کی تقریبات شروع ہوئیں تو ہر طرف جشن کا سماں تھا۔اس دوران جوانوں نے جہاں بھنگڑے ڈالے اور ڈانس کیا تو وہاں بزرگ اور بچے بھی ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہوئے ۔ہندو برادری کی طرف سے مٹھائیوں اور خصوصی پکوانوں کا اہتمام بھی کیاگیاتھا۔دریں اثناء مینڈھر میں ہولی کا تہوار بڑی دھوم دھام سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں اتوار دن بھر مینڈھر بازار میں ڈھولوں کی آواز گونجتی رہی اور ہندو برادری کے لوگ ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے رہے اور ہندو برادری لے لوگوں کو ہولی کے تہوار پر مبارک باد پیش کرتے رہے ۔بازار میں پورا دن میلہ لگارہا۔وہی راجوری میں ہولی کے سلسلے میں منعقد ہورہی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں ۔ اتوار کے روز اس سلسلے میں آخری مرتبہ بھیرو جھانکی نکالی گئی ۔ضلع میں رنگوں کاتہوار جوش و خروش کے ساتھ منایاگیا اور اس میں سبھی طبقوں کے لوگ شریک ہوئے ۔ اس حوالے سے ایک پروگرام تحصیل چوک میںہواجہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔ ضلع صدر مقام کے علاوہ دیگر کئی علاقوں میں بھی یہ تہوار منایاگیا۔اس دوران راجوری میں ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سبھی طبقوں کے لوگوں نے ہولی ملن پروگرام کا انعقاد کیا ۔یہ پروگرام ٹائون ہال میںمنعقد ہواجس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری پونچھ رینج دیپک کے سلاتھیہ ، سابق وزیر شبیر احمد خان،ڈپٹی جنرل افسر کمانڈنت 25انفینٹری ڈیویژن ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل بی ایس ایف ،آرمی سٹیشن کمانڈر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ، ایڈیشنل سپرینڈنٹ پولیس راجوری اور اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال راجوری بھی موجود تھے ۔پروگرام میں موجود لوگوں نے کہاکہ اس طرح کی تقریبات بھائی چارے کیلئے اہم ہیں ۔پروگرام کا اہتمام سشیل شرما، پشپندر گپتا، راجندر سنگھ اور اشوک شرما کی طرف سے کیاگیاتھا۔