جموں//جموں وکشمیر پہاڑی ریولیوشنری موؤمنٹ نے سرحدی اضلاع پونچھ وراجوری میں منشیات فروشی میں دن بدن ہورہے اضافہ پر گہری تشویش کا ا ظہار کیا ہے۔ JKPRMکے ریاستی صدر ایڈووکیٹ مظہر علی خان نے ایک پریس بیان میںکہا کہ پونچھ وراجوری اضلاع میں ڈرگس ومختلف اقسام کی منشیات فروشی کا رحجان لگاتار بڑھ رہاہے اور یہ معاملہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے۔ ان کاکہناہے کہ پنجاب ریاست کی طرح راجوری پونچھ منشیات کا اڈہ بنتا جارہاہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈرگ مافیا کو پولیس کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، پولیس منشیات مخالف نہیں بلکہ اس کو بڑھاوا دینے کے لئے کام کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ پولیس انتظامیہ کے اندر بڑی تعداد میں ایسے اہلکار اور افسران موجود ہیں جوکہ رشوت لیکر منشیات کے دھندے کو فروغ دے رہے ہیں اور مکمل طور ڈرگ مافیا کو قانونی تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ ایڈووکیٹ مظہر علی نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے بچے نشہ کے عادی پائے جارہے ہیںاور نوجوان نسل تباہ وبرباد ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پولیس انتظامیہ منشیات کو فروغ دینے میں لگی ہے وہیں سول انتظامیہ نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔حال ہی میں راجوری سے گرفتار کئے گئے ایک بچہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو کا تذکرہ کرتے ہوئے جے کے پی آر ایم صدر نے کہا کہ خطہ پیر پنجال میں پولیس کی منشیات مخالف مہم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر پولیس انتظامیہ اس میں مخلص ہو تو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر ڈرگ مافیا ؤں پر کنٹرول کیاجاسکتا ہے لیکن پولیس ایسا کرنے کوتیار نہیں کیونکہ اس سے ان کا دھندا اسی پر چلتاہے۔انہوں نے صوبائی کمشنر اور انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں سے اپیل کی کہ نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے بچانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیںنہیںتو خطہ پیر پنجال کو پنجاب بنتے دیر نہیں لگے گی۔