کشتواڑ//ڈگری کالج مڑواہ کے لئے خریدا گیا لاکھوں روپے کی مالیت کا ساز و سامان پچھلے تین برس سے ڈگری کالج کشتواڑ کے احاطہ میں لا وارث پڑا ہوا ہے اور اس میں سے بیشتر سامان گل سڑھ کر ناقابل استعمال ہو چکا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈگری کالج مڑواہ کے لئے سینکڑوں ڈیسک خریدے گئے تھے لیکن انہیں مڑواہ لے جا کر طلاب کے استعمال میں لائے جانے کے بجائے کشتواڑ کالج کے احاطہ میں رکھا گیا ہے اور یہ وہیںپڑے ہوئے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈگری کالج کشتواڑ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈگری کالج کشتواڑکی عمارت از خود ناکافی ہے جس کے نتیجہ میں کلاس روم اور سٹور وغیرہ نہ ہونے کی وجہ سے مڑواہ کالج کا سامان کھلے عام میں پڑا ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کالج میں 15مضامین پڑھائے جاتے ہیں جن کے لئے کل7کمرے دستیاب ہیں اس کے علاوہ لیبارٹریوں کے لئے 4کمرے ہیں ۔ اس طرح کالج ہذا میں زیر تعلیم طلاب کو بھی کمروں کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔رابطہ قائم کرنے پر کشتواڑ کالج کے پرنسپل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈگری کالج مڑواہ کے پرنسپل کو متعدد بار مطلع کیا کہ ان کے ادارہ کا سامان کشتواڑ کالج کے احاطہ میں تباہ ہو رہا ہے ، ان کے پاس اتنی گنجائش نہیں ہے کہ وہ مڑواہ کے سامان کو محفوظ رکھ سکیں ، لیکن مڑواہ کالج کی طرف سے کوئی بھی مثبت جواب نہیں ملا ہے۔