سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو 2 پارلیمانی نشستوں کے انتخابات کیلئے امیدواروںکی نامزد گی کے اختیارت سونپ دیئے۔ پارٹی کی طرف سے آج امیدواروں کا اعلان کیا جائیگا۔ ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی نامزدگی کو لیکرنیشنل کانفرنس کور گروپ کا2روزہ اجلاس پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ واقع گپکار میں منگل کو قبل از دوپہر شروع ہوا۔این سی کور گروپ اجلاس میں جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، عبدالرحیم راتھر، چودھری محمد رمضان، میاں الطاف احمد، ناصر اسلم وانی ،محمد اکبر لون، سکینہ ایتو، خالد نجیب سہروردی اور آغا سید روح اللہ موجود تھے۔ پہلے روز کے اجلاس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں ریاست کی موجودہ صورتحال کے علاوہ ضمنی انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا ’’ کور گروپ اجلاس میں الیکشن کے حوالے سے پارٹی کی تیاری اور حکمت عملی کے علاوہ ہر ایک آپشن کو زیر غور لایا گیا جبکہ ہر ایک مسئلے پر بات کی گئی‘‘۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ کور گروپ نے اتفاقِ رائے سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو تمام اختیارات سونپ دیئے اور اُن کے احکامات اور فیصلے کے تحت ہی پارٹی اُمیداروں کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پارٹی اُمیدواروں کا اعلان آج ہی کیا جائیگا۔