سرینگر//وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے کل چشمہ شاہی میں باغِ گُل لالہ کا معائنہ کر کے اس عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام پرجاری کام کا جائزہ لیا۔ محکمہ پھولبانی کے اعلیٰ افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔اس موقعہ پر پروفیسر مٹو نے کہا کہ حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لئے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں تا کہ سیاحوں کو عالمی معیار کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔ پروفیسر مٹو کو بتایا گیا کہ گُلِ لالہ مارچ کے آخر میں پوری طرح کِھل اُٹھیں گے اور باغ کو عنقریب سیاحوں کے لئے کھولا جائے گا۔انہوں نے پھولبانی محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے باغات کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے دلکشی کا باعث بنایا گیا ہے۔