سرینگر//حریت (ع)،بار ایسو سی ایشن ،تحریک مزاحمت ، پیروان ولائت اورپیپلز فریڈم لیگ نے کپوارہ میں جاں بحق ہوئے ہوئے جنگجو ﺅں اور دوشیزہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور زخمی نوجوان کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ حریت (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے ہائی ہامہ کپوارہ میںکنیزہ نامی کمسن لڑکی کی ایک فوجی کاروائی کے دوران ہلاکت اور فیصل نامی کمسن لڑکے کی زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فورسز کی طرف سے کشمیری عوام پر مظالم کی ایک بدترین مثال قرار دیا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ اس واقعہ سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ کشمیر میں جنگجوﺅں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی آڑ میں نہتے شہریوں یہاں تک کہ کمسن بچوں کو بھی گولیوں کا شکار بنانے کی فورسز کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ انسانیت کے اصولوں اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق کے ضوابط کی سراسر خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے عوام کے خلاف یہ جارحانہ رویہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال کو جنم دینے کا موجب بن سکتا ہے۔ حریت چیئرمین نے انسانی حقوق کے اداروں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں ہو رہی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا نوٹس لیں اور کشمیر میں عوام پر ہورہے ظلم و ستم کو بند کرانے کےلئے اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے اس المناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والی لڑکی اور زخمی لڑکے کے والدین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں حریت اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بار ایسو سی ایشن نے بین الاقوامی برداری سے کپوارہ واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی جبکہ بھارت پر اس طرح کی کاروائیوں پر فوری طور پر روک لگانے کیلئے دباﺅ دالنے کا مطالبہ کیا۔بار کی ایگزیکٹو کونسل میٹنگ کے دوران ممبران نے کپوارہ میں جاںبحق شہریوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر دہرایا کہ ہندوستان اور پاکستان مسئلہ کشمیر ،کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کرنے کا آغاز کریں تاکہ ان معصوم ہلاکتوں کو روکا جائے۔ اس موقعہ پر بار ایسو سی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم نے کہا کہ عدالتوں کی طرف سے نظربندوں کی رہائی کے احکامات کو نظر انداز کرنا اب پولیس کا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نظر بندوں کو رہا تو نہیں کیا جا رہا ہے البتہ فلمی انداز میں گرفتار کیا جا رہا ہے۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے کپوارہ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اور دوشیزہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ اس طرح قیمتی جانوں کا بچھڑ جانا اگرچہ رنجیدہ دہ ہے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ ہمیں کامیابی ضرور ملے گی“۔ پیپلز فریڈم لےگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم نصب العین کی تکمیل کیلئے دی جارہی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر بے پناہ خون سے عبارت ہے ۔انہوں نے معصوم لڑکی کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کشمیری بلا لحاظ عمر اور جنس فورسز کے ہوتے ہوئے غیر محفوظ ہے۔ پیروان ولایت کے سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب الموسوی نے کمسن بچی کنیزہ کو زبردست خراج پیش کیا ہے۔انہوںنے کہا معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کا خون بہانا یہاں روزمرہ کا معمول بن چکا ہے حد تو یہ ہے کہ عورتوں اور کمسن کشمیری بیٹیوں کو بھی بخشا نہیں جارہا ہے۔