نئی دلی//خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت جموں وکشمیر صارفین کے حقوق کو تحفظ دینے کے عمل کو اوّلین ترجیحی دے رہی ہے اور’’ بلڈنگ اے ڈیجیٹل ورلڈ کنزیومرس کین ٹرسٹ ‘‘جو اس سال کا صارفین کے حقوق کے عالمی دِن کا موضوع بھی ہے کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیرموصوف نے نئی دلی میں صارفین کے حقوق کے عالمی دِن کے سلسلے میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔امور صارفین ، خوراک و عوامی تقسیم کاری کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے تقریب کی صدارت کی جبکہ قانون و انصاف کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب پر موجود تھے۔اس موقعہ پر کئی ریاستوں کے وزراء اور سیکرٹری بھی موجود تھے۔چودھری ذوالفقار علی نے صارفین کے حقوق کے عالمی دِن کی افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دِن حکومت اور دیگر متعلقین کو صارفین کے حقوق سے جڑے معاملات پر بحث و تمحیص کا موقعہ فراہم ہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں صارفین کے حقوق کو تحفظ دینے اور اُن کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ایک مستحکم لائحہ عمل اختیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت صارفین کے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے انفورسمنٹ شعبوں کو تقویت بخش رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموں صوبے میں سال 2016ء کے دوران صارفین کے حقو ق سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں قصور واروں سے 3771850روپے جبکہ کشمیرمیں اسی مدت کے دوران 1630400روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیا ء پر درج قیمتوں سے زیادہ وصول کرنے کی پاداش میں کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔انہوںنے کہا کہ صارفین کی سہولیت کے لئے ٹول فری نمبران کام کر رہے ہیں اور لوگ ان سے استفادہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سٹیٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل مضبوط کیا گیا ہے جبکہ ضلع کنزیومر فورم بھی تشکیل دئیے گئے ہیں تاکہ صارفین کے مفادات کی پاسداری ہوسکے۔