سرینگر// حادثات سے بچنے کیلئے لوگوں کو آگاہی دلانے کیلئے ٹریفک پولیس سٹی کی طرف سے بدھ کو سرینگر میں سالانہ موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی ۔اس سلسلے میں ٹریفک پولیس دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران مقررین نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے حفاظتی اقدامات پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں تاکہ سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کا تحفظ بھی یقینی بن سکے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر بصیر احمد خان ،انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ایس ایم جے گیلانی ،آئی جی ٹریفک جگجیت کمار،آئی جی سی آر پی ایف روی دیپ ایس سہائے ،ڈی آئی جی وسطی کشمیر غلام حسن بٹ ،ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل ،ایس ایس سیکورٹی مقصود الزمان ،ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرگن شکلا اور دیگر کئی پولیس آفیسران موجود تھے ۔سلامتی سے متعلق جانکاری دینے کے سلسلے میں اس ریلی کو محمد مقبول گوجری نامی شہری جس کا بیٹا کچھ عرصہ قبل ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا تھا ،نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔موٹر سائیکل سواروں کا کاروان انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ ٹریفک پولیس دفتر پولو ویو سے روانہ ہوا اور ٹی آر سی ،ڈلگیٹ ،بیلوارڈ ،کپکار روڈ سے ہوتے ہوئے واپس پولو ویو پہنچا ۔بعد میں ریلی میں حصی لینے والی لڑکیوں اور جوانوں میں توصیفی اسناد تقسیم کئے گئے ۔ایس یس پی ٹریفک سرگن شکلا نے ریلی میں حصلہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور محفوظ ڈرائیونگ پر زور دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔