سرنکوٹ// محکمہ امورصارفین کی طرف سے تحصیل سپلائی آفیسر سرنکوٹ عبدالمجید ملک کی قیادت میںیوم صارفین پر ایک تربیتی کیمپ فضل آباد بفلیاز میںمیں لگایا گیا۔کیمپ کی صدارت ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے کی۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے تحصیلدار سرنکوٹ تھے ۔اس تربیتی کیمپ کے دوران ماہرین نے حاضرین کو ہدایت کی کہ وہ کوئی بھی چیز خیریدنے سے پہلے اس کی پوری جانچ کریں کہ کیا کہیں اس کے استعمال کی تاریخ ہے یا پھر زائد المعیاد ہوچکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ اشیاء کے وزن، اس کی نرخ کے حوالے سے بھی اطمینان حاصل کرلیناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بچو ں کو چپس، کُرکرے کا زیادہ استعمال نہ کرنے دیں اور اگر ان کو یہ چیزیں دیں تو بھی ان پر تاریخ دیکھ لیں۔مقررین نے کہاکہ کولڈ ڈرنک جن میں کوکا کولا ،میرنڈا ،پپسی وغیرہ ، بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں، اگر ان کا استعمال کرنے سے قبل جانچ نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے بھی محفوظ رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں ان کاموں کی طرف دھیان دینے کی ضروت ہے جس سے انہیں فائدہ ہو۔ ایس ڈی ایم اور دیگر افسروں نے بھی لوگوں کواپنی کھیتی باڑی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی زمینوں کو آباد کریں تاکہ قدرتی اور بے روگ چیزوں کی پیداوار ہو ۔ انہوں نے حاضرین کو ہدایت کی کہ کوئی مشکوک چیز کبھی بھی دکاندار سے نہ خریدیں،اگر کہیں لگے کہ اس سے کسی دوسرے شخص کو بھی نقصان پہنچے تو تو فوری تحصیلدار اور ٹی ایس او کے دفاتر میں شکایت درج کریں۔ ایس ڈی ایم ڈاکٹر بشارت حسین نے موقعہ پر موجود مقامی لوگوں کے مسائل بھی سنے اور انہیں یقین دہانی دی کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔