راجوری//پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ افسران کو حکومت کی ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متحرک ہو جائے۔وزیرموصوف دمال کالا کوٹ میں ایک عوامی دربار سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر نے کہا کہ تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جانا چاہئے اور اس حوالے عوامی نمائندوںکی مدد حاصل کی جانی چاہئیں۔ انہوںنے کہا کہ رقوما ت کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم رقومات کو منصفانہ ڈھنگ سے استعمال کیا جانا چاہئے تاکہ پروجیکٹوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ لوگوں کو تک پہنچ سکے۔کوہلی نے کہا کہ منظور شدہ بجٹ کا 50فیصد پہلے ہی واگذار کیا جاچکا ہے تاکہ ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے جبکہ باقی ماندہ 50فیصد ماہ مئی میں واگذار کیا جائے گا۔وزیرنے دمال گائوں کی مجموعی ترقی یقینی بنانے کیلئے اپنے سی ڈی فنڈ میںسے 10لاکھ روپے کا بھی دینے کا اعلان کیا۔ دورے کے دوران کئی مقامات پر لوگوں نے اپنے اپنے مسائل وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے ۔وزیر نے لوگوںکے مسائل غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔اس موقعہ پر کئی اعلیٰ افسران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔