جموں//حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق نے کہا ہے کہ زمینی سطح پر بہتر اور ٹھوس نتایج حاصل کرنے کیلئے جامع کوششیں کی جانی چاہئیں تا کہ عوام کو بہتر بنیادی خدمات بہم پہنچائی جا سکیں ۔ وزیر نے ان خیالات کا اظہار اوقاف کمیٹی کشتواڑ کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میٹنگ میں ایم ایل اے جی ایم سروری ، ایم ایل سی فردوس ٹاک ، سی ای او وقف کونسل راج محمد ملک ، اوقاف کمیٹی کشتواڑ کے سیکرٹری محمد اشرف میر اور دیگر ممبران نے شرکت کر کے تجاویز پیش کیں ۔ وزیر نے کہا کہ سرکار نے ریاست کے ترقیاتی منظر نامے کو تبدیل کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے مختلف سکیموں کی بہتر عمل آوری پر زور دیتے ہوئے زیارتگاہوں اور تعلیمی اداروں کے ارد گرد صاف ستھرائی یقینی بنانے اور زائرین کا خیال رکھنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کاموں کی تکمیل میں معیار بنائے رکھتے ہوئے انہیں وقت پر مکمل کرنے کی تلقین کی ۔