ترال+کپوارہ //کپوارہ جھڑپ کے دوران معصوم بچی کی ہلاکت کے خلاف اسلامک یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں طلبہ و طالبات نے دھرنا دیکر احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ ہائیہامہ میں اس ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کی گئی اور سینکڑوں لوگوں نے دھرنا دیا۔ ہایہامہ کپوارہ کے جگتیال نامی گائوں میں گزشتہ روز فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان معرکہ آرائی کے دوران تین جنگجوئوں کے علاوہ ایک 6سالہ کمسن بچی کنیزہ بھی گولیوں کی زد میں آکر جاں بحق اور اسکا کمسن بھائی شدید زخمی ہوا۔جمعرات کو اسلامک یونیورسٹی کیمپس میں طلبہ و طالبات جمع ہوئے اور کنیزہ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاجی طلبہ نے کچھ دیر کیلئے کیمپس کے اندر دھرنا دیا اور کمسن بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ادھر ہائیہامہ میں اس واقعہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا اور سڑک پر دھرنا دیا گیا۔ علاقے میں واقعہ کے خلاف ہڑتال بھی کی گئی۔ لوگ مطالبہ کررہے تھے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جانی چاہیے اور متاثرہ کنبے کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔