سرینگر // لبریشن فرنٹ نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک، حریت(گ) چیئرمین سید علی شاہ گیلانی اور حریت( ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے کہا ہے کہ حکام نے مزاحمتی قائدین کو ایک دوسرے سے ملنے تک سے روکنے کی ٹھان لی ہے۔فرنٹ ترجمان نے کہا کہ اگر حکمرانوں اور انکی انتظامیہ کو جمہوریت، اخلاقی قدروں ،کھلے پن اور اظہار رائے کی آزادی جیسے اونچے خیالات میں ذرا بھر بھی یقین ہے تو انہیں جرات کا مظاہرہ کرکے پرامن سیاسی قائدین و اراکین اور انکی سیاسی کاوشوں کے خلاف پولیس طاقت کا استعمال ترک کردینا چاہئے۔اس دوران دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اورمحمد یاسین ملک کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست جموں و کشمیر عملًا ایک پولیس ریاست ہے۔سالویشن مومنٹ ترجمان نے بھی حیدر پورہ میں حریت قائدین کو گرفتار کرنے کی زبردست الفاظ میں مذمت کی ہے ۔