سرینگر//نقب زنی واردات کی ویڈیوفوٹیج دستیاب ہونے کے باوجودسوپورپولیس ایک گیس ایجنسی کولوٹنے میں ملوث چوروں تک پہنچنے میں ناکام ہے۔مقامی تاجربرادری نے قصبہ کے بازاروں میں شبانہ نقب زنی کی وارداتیں رونماہونے پرسخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجودپولیس کی جانب سے چوری کی ایک واردات میں ملوث چوروں کونہ پکڑپانے پرحیرانگی ظاہرکی۔ سوپورقصبہ میں بائی پاس روڑپر10اور 11مارچ کی درمیانی رات نامعلوم نقب زنوں نے یہاں واقع بٹ گیس ایجنسی کے آفس میں داخل ہوکریہاں سے ایک قیمتی جنریٹرسیٹ اور 12ہزارروپے نقدی لوٹ لی ۔بٹ گیس ایجنسی کے مالک نے بتایاکہ اُنکے آفس میں چونکہ خفیہ کیمرے یعنی سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ،اسلئے انہوں نے فوری طورنزدیکی پولیس تھانہ کوسی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کردی تاکہ پولیس کونقب زنوں کاسراغ لگاکراُنھیں پکڑنے میں آسانی ہوجائے لیکن 6روزگزرجانے کے باوجودابتک پولیس نقب زنوں کاسراغ لگانے یااُن تک پہنچنے میں ناکام رہی ہے ۔اُدھرسوپورقصبہ کی تاجربرادری نے قصبہ کے مختلف بازاروں میں نقب زنی کی وارداتوں کوروزکامعمول قراردیتے ہوئے اس بات پرسخت تشویش کااظہارکیاکہ پولیس کی جانب سے نقب زنوں کے گروہوں کوبے نقاب کرکے عام لوگوں اورتاجروں کے گھروں اورکاروباری مراکزکوتحفظ فراہم کئے جانے کیلئے کوئی موثرحکمت عملی اپنائی نہیں جارہی ہے۔