سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئرنائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے کارکنان پر ذات پات کی لڑائی سے بالاتر ہوکر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کی روز مرہ ضروریات کو پورا نہ کرکے مشکلات میں اضافہ کردیاہے ۔ ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں این سی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری کاکہناتھاکہ نفرتوں کی بدبو نہیں آنی چاہئے اور نہ ہی بھیدبھائو ہو ناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ذات پات سے بالاتر کام کیاجائے اور سبھی کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی جائے ۔ انہوںنے اپنی صفوں میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تعمیروترقی کو آگے بڑھاتے ہوئے نیشنل کانفرنس کو بھی مضبوط کیاجائے ۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ متحرک ہوکر لوگوں کے کام کریںاور سماج میں ایسے جئیں کہ عوام ان کی ضرورت کومحسوس کرے ۔بخاری نے کہاکہ وہ سرنکوٹ میں ہی رہ کر لوگوں کے مسائل سنیںگے اور ان کے حل کی کوشش کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ ورکر زمینی سطح پر کام کریں اور لوگوں کی پریشانیاں دور کی جائیں۔بخاری نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی نے بھاجپا کے ساتھ یہ کہہ کر اتحاد کیاتھاکہ ریاست میں تعمیروترقی ہوگی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگالیکن آج تین سال ہونے لگے ہیں اور ترقی کے بجائے تنزلی ہورہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو روز مرہ کی ضروریات بھی میسر نہیں اوروہ بنیادی سہولیات کیلئے تر س گئے ہیں ۔اس دوران پنچایتی چنائو اور دیگر کاموں پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اجلاس میں بلاک صدورطارق منہاس ، بابو خان ،منظور چاڑک، بدر حسین ملک اورمحمد شفیع ،ضلع سیکریٹری عبدالحمید رانا ،صوبائی جوائنٹ سیکریٹری ممتاز بجاڑ اور خالد مغل ،خواجہ مجید ،یوتھ صوبائی جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا ،یوتھ بلاک صدور شیراز ملک ، مختار زرگراور فردوس خواجہ ودیگران بھی موجو دتھے ۔اجلاس کے دوران پارٹی کارکنان نے بھی کئی مسائل اجاگر کئے جن میں آدھار کارڈ ، راشن ، بجلی ، پانی ، سڑکوں کی تعمیر قابل ذکر ہیں۔