مہور//حکومت پی ایم جی ایس وائی کے تحت ریاست کے تمام بالائی اور پسماندہ علاقہ جات کو سڑک رابطوں سے جوڑنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ اجے نندہ نے آج کہا کہ جن علاقوں میں ابھی تک سڑکیں نہیں پہنچی ہیں وہاں بھی سڑک تعمیر کرنے کے لئے پروجیکٹ بنائے جائیں گے۔ وہ پناسہ سے دسانو تک تعمیر کی جانے والی سڑک کے سنگ بنیاد سے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ سڑک 5کلو میٹر طویل ہے اور اس کی تعمیر سے ان دونوں گائوں کے علاوہ قرب و جوار کے علاقوں کو فائدہ پہنچے گا، اس کی تعمیر پر 2.78کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ماضی میں سرکاریں لوگوں کو بیوقوف بناکر ان کا استحصال کرتی رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ علاقے ابھی تک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت پر اعتماد رکھیں اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو مرحلہ وار ڈھنگ سے حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے انجینئروں پر زور دیا کہ اس سڑک کو معیاد بند ڈھنگ سے مکمل کریں تا کہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔