کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی تحصیل دچھن کے دوردراز علاقے میں تر سیلی لائنیں گرنے سے پچھلے دوماہ سے بجلی کی دستیابی سے محروم ہیں۔ گمب ، ہونزر ، جنکپور ، نتھنالہ، خارپور مازل اور شیخپور گمب علاقوں کے لوگوں نے بتایاکہ ان سردیوں کے موسم میں برفباری کی وجہ سے بجلی کی فراہمی کی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے تا ہم عہدیداروں نے لائینوں کی مرمت نہیں کی ۔انہوںنے کہاکہ گائوں گزشتہ 2ماہ سے بجلی کی فراہمی کے بغیر ہیں اورکہیں سے کوئی مدد کی امید نہیں۔دچھن کے گمب علاقہ کے لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دچھن کے کئی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے ترسیلی لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے لیکن انتظامیہ نے ابھی تک بجلی کے کھمبوں کی مرمت نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ برفباری سے کھمبے،ٹرانسفارمر اور تاریں گر گئیں ہیں۔انہوں نے ان کی تنصیب کا مطالبہ کیا ۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کو حرکت میں آنا چاہئے اور متعلقہ محکمہ کو بجلی کے کھمبوں کو دوبارہ کھڑا کرکے دوردراز علاقوں میں بجلی فراہم کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں بتایالیکن انہوںنے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کو اس سلسلہ میں ایک ٹیم علاقے میں بھیجنی چاہئے جو اس غفلت کی تحقیقات بھی کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کے امتحانات شروع ہو گئے ہیں اور بجلی کی عدم دستیابی سے وہ اپنی پڑھائی کی طرف توجہ نہیں دے پا رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معا ملہ کو حل کریں ۔