پلوامہ //پلوامہ کے بٹ نور لاسی پورہ گائوں میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین شبانہ جھڑپ کے بعد جنگجو محاصرہ توڑ کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئے تاہم علی الصبح نوجوانوں نے فورسز پرپتھرائو کیا۔مذکورہ گائوں میں جنگجوئوں کی موجود گی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فورسز نے بٹنور گائوںکا قریباً رات کے ایک بجے محاصرہ کیااور تلاشی کاروائی شروع کی۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد جنگجوئوں نے فورسز پر گولیاں چلائیں۔ جواب میں فورسزنے بھی گولیاں چلائیں جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ تاہم گولیوں کے شدید تبادلے کے دوران ہی جنگجو جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ فورسز نے گائوں کا محاصرہ صبح قریباً سات بجے تک جاری رکھا۔ پولیس نے ایک مقامی باشندے نصیر احمد وانی کو گرفتار کیا ہے۔ نصیر احمد آر اینڈ بی محکمہ میں ملازم ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق جب فورسز نے گائوں کا محاصرہ اٹھایا تو نوجوان جمع ہوئے اور انہوں نے فورسز پر پتھرائو کیا۔ جواب میں فورسز نے چند ٹیر گیس کے گولے داغے اور چل گئے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی پلوامہ رئیس بٹ نے بتایا کہ دراصل انہوں نے مصدقہ اطلاع ملنے پر گائوں کا محاصرہ کیا لیکن اسی دوران ملی ٹینٹوںنے ان پر فائرنگ کی اور اندھیرے میں بھاگنے میں کامیاب ہوئے ۔