سرینگر //الیکشن بائی کاٹ کو لوگوں کا جمہوری حق قرار دیتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ الیکشن میں ووٹ ڈالنا یا نہ ڈالنا ہر متنفس کا جمہوری حق ہے لیکن جب ایک جانب الیکشن والوں کو ہر سہولت جبکہ بائیکاٹ کرنے والوں پر قدغنیں، گرفتاریوں کا چکر،جبر و تشدد اور مظالم ڈھائے جارہے ہوں تو الیکشن کا یہ عمل محض یک طرفہ تشدد اور فوجی و پولیس آپریشن کے سوا کچھ نہیں کہلاجاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکمران الیکشن والوں کو ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچاتے ہیں لیکن دوسری جانب بائیکاٹ کا جمہوری حق استعمال کرنے والوں کےلئے قید و بند، چھاپوں اور دوسرے ظلم و جبر کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں۔ حکمرانوں کا یہ دوہرا عمل دراصل جمہوریت کے نام پر جمہوریت کشی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کو حقیقی طور پر جمہوریت، خیالات کی جنگ اور اظہار رائے کی آزادی جیسے اعلیٰ اقدار کا کوئی پاس و لحاظ ہے تو انہیں مزاحمتی خیمے کی جانب سے چلائی جانے والی جمہوری اور پرامن بائی کاٹ مہم کو چلنے کی اجازت دے دینی چاہئے ۔ بھارتی الیکشن عمل میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کو قربانیوں کی بے قدری سے تعبیر کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی پارلیمان اور اسمبلیوں کےلئے ہونے والے اس الیکشن عمل کو ہمیشہ عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینے اور جموں کشمیر پر ناجائز تسلط کو مضبوط کرنے کےلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے اسلئے ضروری ہے کہ ہم سبھی اپنی قربانیوں کی حفاظت کرتے ہوئے اس مکروہ عمل کا حصہ بننے سے پرہیز کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا یہ عمل تعمیر و ترقی اور ضرورت کے نام پر شروع ہوتا ہے اور اس کی تکمیل کے ساتھ ہی بھارت اور اسکے حامی اسے بھارتی تسلط کے حق میں ریفرنڈم قرار دے کر ہمارے حق آزادی کو دبانے کا بہانہ بناڈالتے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ ۷۴۹۱ءکے بعد سے آج تک لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کےلئے اپنی جانیں نچھاور کیں ہیں اور قربانیاں دی ہیں اور پچھلے سات ماہ کے دوران قربانیوں کا یہ عمل مذید تیز تر ہوچکا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کوئی کیسے اُن اسمبلیوں اور پارلیمان کےلئے الیکشن میں حصہ لے سکتا ہے اور اں ظالموں کو ووٹ ڈال سکتا ہے جنہوں نے ہمارے سیکڑوں بچوں کو شہید کروایا اور ہزاروں کو زخمی کروانے نیز سیکڑوں کی بینائیاں تلف کروانے میں رول ادا کیا۔یاسین ملک نے سوا ل کیا کہ ہم کیونکر ان لوگوں کو ووٹ ڈال کر مضبوط کرسکتے ہیںجنہوں نے ہائی ہامہ کی معصوم کنیزہ تک کو نہیں بخشا اور اسے بھی اپنے جبر کا نشانہ بناکر قتل کردیا؟لوگوں سے آنے والے بھارتی پارلیمانی بائی الیکشن کا مکمل اور ہمہ گیر بائی کاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ اپنی قربانیوں کی حفاظت کےلئے کمر کس لیںاور ظلم کو فروغ دینے کے الیکشنی عمل سے دور رہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن بائی کاٹ کےلئے متحدہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے مشتہر کئے گئے پروگرام کو من و عن عملایا جائے گا اور لوگوں سے اپیل کی جائے گی کہ وہ غلامی اور جبر کو دوام بخشنے کا کام کرنے والے الیکشن عمل کا مکمل بائی کاٹ کریں۔