ڈوڈہ //ضلع میں منشیات فروشی، شراب کی ناجائز کشید اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں کے خلاف شروع کی گئی مہم کے دوران پولیس نے جمعہ کے روز 3منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 2.300کلو گرام چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کھٹانہ کی ہدایت اور ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر افتخار احمد کی نگرانی اورسب انسپکٹر امرت کٹوچ کی قیادت میں اکرم آباد ڈوڈہ میں پولیس ناکہ لگایا ۔ تین مشکوک افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی تو ان کے قبضہ سے چرس کی یہ کھیپ برآمد ہوئی۔ گرفتار شدگان کی شناخت بشیر احمد ولد محمد شفیع ساکنہ منجمی تحصیل بھاگواہ، رفیع احمد ولد محمد حسین ساکہ کنڈا ملان، طارق احمد ولد شیر محمد ساکنہ منچار تحصیل بھاگواہ کے طور پر کی گئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے ایک ایف آئی آر نمبر۔46/2017 U/S 8/20 NDPS ایکٹ تھانہ پولیس ڈوڈہ میں درج کر لی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس گروہ سے وابستہ دیگر منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔