رام بن//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن محمد اعجاز نے آج لیبر اور روزگار محکمہ رام بن کے زیر اہتمام لیبر قوانین اور فلاحی منصوبوں پر کمیونٹی ہال میترا میں یک روزہ بیداری کیمپ کم ورکشاپ کا افتتاح کیا۔اے سی ڈی جہانگیر کھانڈے،اسسٹنٹ لیبر کمشنر رام بن گھنشیام بسوترہ،معزز شہریوں، تعمیراتی ایجنسیوں کے نمائندوں اور تعمیراتی کار کنوں کی ایک بڑی تعداد نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یہ پروگرام ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کے حوالے سے مزدوروں میں بیداری پیدا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین محنت کش طبقے کے حقوق کی حفاظت کرنے اور مزدوروں کے لئے پرامن اور آرام دہ کام کے ماحول کو یقینی بنانے کیلئے ہے۔انہوں نے قوم کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مزدوروں کے رول کی تعریف کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ محکمہ لیبر قوانین ہر کارکن طبقے کو سماجی تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کیلئے مصروف عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے اسٹیک ہولڈرز کی حساسیت کے علاوہ پرامن تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مدد مل رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے ذریعے اسکول کی تعلیم کو یقینی بنانے کے علاوہ بچہ مزدوری کو روکنے کیلئے چوکس رہنے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ لیبر کمشنر نے رواں سال کے دوران رجسٹرڈ کامیابیوں کے علاوہ تعمیراتی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لئے محکمہ کی طرف سے کی گئی سرگرمیوں کو اجاگر کیا۔دیگر مقررین نے بھی کارکنوں کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ رجسٹریشن پر فوائد،آئینی حقوق،بچہ مزدوری،گریجویٹی،اجرتوں کی ادائیگی،مختلف لیبر قوانین کے تحت معا وضہ اور دیگر متعلقہ امور پرروشنی ڈالی۔