راجوری //یہ بات حیران کن مگر حقیقت ہے کہ ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں پربھی عمل درآمد نہیںہوتا ۔سال 2016میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ راجوری میں لئے گئے کئی اہم فیصلوں پر آج تک عمل درآمد نہیں ہواہے جبکہ ضلع کی 2017کی میٹنگ بھی گزشتہ روز ہوچکی ہے ۔ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ 2016کی میٹنگ میں پانچ اہم فیصلے لئے گئے تھے جن پر ابھی تک عمل درآمدنہیں کیاگیا اور ان فیصلوں پر مشتمل فائلیں سرکاری محکموں کے دفاتر کی دھول چاٹ رہی ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ ان فیصلوںمیںسے میونسپل کمیٹی راجوری میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کے رینک کے افسر کی تعیناتی جو راجوری پونچھ میں میونسپل کمیٹیوں کے کام کاج کی نگرانی کرے گا،پرانے شہر میں قائم اربن ہیلتھ کیئر یونٹ کی فوری طور پر مرمت ،میونسپل کمیٹی کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان کاقیام ،راجوری میں ٹریفک جام سے نجات کیلئے متبادل سڑکوں کی تعمیر اور متبادل عبداللہ پل کی تعمیر شامل ہیں ۔تاہم ذرائع کاکہناہے کہ ان تمام فیصلوںپر آج تک عمل درآمد نہیںہوا اور نہ ہی ضلع انتظامیہ اس طرف کوئی دھیان دے رہی ہے ۔دریں اثناء گزشتہ روز ہوئی میٹنگ کے دوران بھی یہ مدعے چھائے رہے اور اس دوران ممبر قانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے ان فیصلوں پر عمل نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔اس پر بورڈ کے چیئرمین غلام نبی لون نے یقین دلایاکہ تمام فیصلوں پر من و عن عمل کیاجائے گا۔