پونچھ//ضلع پونچھ کی بورڈ میٹنگ آ ج جموں میں ہورہی ہے جس پر پونچھ کی عوام اور یوتھ سول سوسائٹی نے شدید اعتراض کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔یوتھ سول سوسائٹی کے چیئرپرسن امتیاز کی قیادت میں مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ پیر پنجال باالخصوص پونچھ کی عوام کو دہائیوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں اس ضلع کے ساتھ سوتیلی ماں کے جیسا برتائو ہوتا ہے جبکہ عوام ترقی کاانتظار کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راجوری کی ضلع بورڈ میٹنگ اگر ضلع کے صدر مقام پر منعقد کی جا سکتی ہے تو پونچھ کی کیوں نہیں۔ انہوں نے اسے پونچھ کے منتخب نمائندوں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی قیادت علاقے کی ترقی کے معاملے میں غفلت کی نیند سو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیلاب کے دوران متاثرہوئے کنبو ںکی اب تک باز آبادکاری نہیں کی گئی،درنگلی نالہ پل، منڈی پل، 132کے ٹرانسمیشن لائن، یونیورسٹی کیمپس پونچھ جیسے معاملہ کو التوا میں رکھا گیا ہے، سڑکوں کی ناقص حالت میں اور یہاں کی قیادت جموں جیسے شہروں میں بڑے بڑے ہوٹلوں میں لطف اندوز ہو ر ہے ہیں۔احتجاج میںابرار اختر، عامر شیخ، ترون شرما، آصف میر، عمران غنی، موہت شرما، ماجد خان وغیرہ بھی شریک تھے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق سرپنچ محمد رشید کاکہناہے کہ ضلع بورڈ میٹنگ جو کہ ہمیشہ ضلع کے صدر مقام پر ہوتی تھی ،کچھ عرصہ سے یہ جموں میں کروائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بورڈ کو ضلع میں منعقد کر کے یہاں کے لوگوں کے بنیادی مسائل کی جانکاری حاصل کرنی چاہئے نہ کہ دکھاوے کے لئے جموں میں اجلاس بلانا چاہئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی سرکار آر ایس ایس کے اشاروں پر ناچ رہی ہیںاسی لئے وہ کچھ ایسے فیصلے لے رہی ہیں جن کا کائی مقصد ہی نہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح سے پونچھ کے عوام کو نظرانداز نہ کیاجائے ۔