ُپونچھ// رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے ضلع صدر نجم جعفری نے ضلع چیئرمین وحید احمد بانڈے کو اپنا استعفی سونپاہے۔ اس حوالے سے رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے کارکنان کی ایک ہنگامی میٹنگ ضلع کے صدر منعقد کی گئی جس کی صدارت فورم کے ضلعی چیئرمین وحید احمد بانڈے نے کی ۔اس موقعہ پر بدر الدین راتھر، شمیم الحسن انصاری،اکبر علی بانڈے، پرویز احمد، نیاز کرمانی،محمد اسحق خیال،گل نواز چوہان، الطاف احمد چوہان، چوہدری محمد عباس،عبدالرزاق گلشن، فاروق احمد خان، محمد اکرم میر،شکیل احمد قریشی،علی مرتضیٰ،خواجہ مختار احمد، فاروق احمد دیدر،ممتاز احمد،شفیق احمداوراعجاز ڈار بھی موجود تھے۔ اس دوران نجم جعفری نے مستعفی ہونے کی وجہ جہاں اپنی ذاتی مصروفیات بتائیں وہیں انہوں نے کہا کہ ان کا معینہ وقت مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ارکان نے ایک سپاہی کی حیثیت سے کام کیااور آئندہ بھی ان کی یہی کوشش رہنی چاہئے کہ فورم کو مضبوط بنایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے ان کو بھرپور تعاون دیا کیونکہ اساتذہ کے تعاون کے بغیر وہ کچھ بھی نہیں کر سکتے تھے۔اس دوران تمام کارکنان نے بااتفاق رائے سید محمد یوسف شاہ کو عبوری ضلع صدر نامزد کیا جبکہ اپنے صدارتی خطاب میں وحید احمد بانڈے نے کہا کہ فورم کی جانب سے بہت ہی جلد ضلع صدر کے لئے انتخاب عمل میںلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نجم جعفری کی کمی تو فورم کو محسوس ہو گی لیکن وہ امید کرتے ہیں کہ انتخابات تک یوسف شاہ پوری ایمانداری اور لگن سے کام کر کے اساتذہ کے مسائل حل کروائیں گے۔انہوں نے نجم جعفری کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بحیثیت ضلع صدر اساتذہ کے مسائل کے لئے جس قدر کام کیا وہ لائق ستائش ہے اور فورم کے تمام کارکنان ان کے مشکور رہیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نجم جعفری فورم کے ساتھ جڑ کر اسے مستحکم بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔