روالپنڈی //پاکستان نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج نے کوٹ کیہترا کے مقام پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جب کہ پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون ہلاک ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر اشتعال انگیزی کی اور کوٹ کیہترا میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے60 سالہ خاتون لقمہ اجل بن گئی جس کا تعلق ٹھنڈی کہسی گاؤں سے ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کی گولہ باری اور فائرنگ کا بھرپور جواب دیا جس سے دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔پاکستان کا کہنا ہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گھر میں موجود خاتون اور اُس کا بیٹھا زخمی ہوئے جبکہ اس سے قبل بھی اسی طرح کے واقعات میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔