سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں بی آر او کے التوأ میں پڑے حصول اراضی اورفارسٹ کلیئرنس معاملات کاجائزہ لیا جن کی وجہ سے ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری میںرُخنہ پڑرہا ہے۔ بارہمولہ،اننت ناگ اور بانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنروں،نیز کپوارہ اور گاندربل کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔جب کہ ایڈیشنل کمشنر،چیف کنزرویٹر آف فارسٹ کشمیر اوردیگر متعلقہ آفیسران میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے بی آر او کو ایک مہینے کے اندراندر فارسٹ کلیئرنس معاملات کے حل کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں مختلف پروجیکٹوں کے مالی معاملات بھی زیر غورآئے اور اس سلسلے میں صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران پر پندرہ دنوں کے اندر اندر رقومات واگذار کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے کام کی رفتار میں تیزی لانے پر بھی زوردیا تاکہ ترقیاتی پروجیکٹوں کی مقررہ وقت میں تکمیل میں رُخنہ نہ پڑے۔