سرینگر// وادی کشمیر میں بہار کی آمد کے ساتھ ہی بادام کے شگوفے پھوٹ پڑے ہیں۔اس دوران اہل وادی نے اتوار کو خوشگوار موسم اور کھلی دھوپ میں بادام واری جاکر قدرت کے حسین نظاروں کا لطف اٹھایا ۔ کشمیر میں موسم بہار نے اپنی دستک دی ہے اور بادام کے شگوفے پھوٹ پڑے ہیں ،جو موسم بہار کی آمد کی نوید سناتے ہیں ۔اتوار کو اہل وادی نے خوشگوار موسم کا نظارہ کیا ۔کھلی دھوپ میں لوگوں نے نے بادام واری جاکر فرصت کے چند لمحات گزارے اور پرانی یادوں کو تازہ کیا ۔یہاں نوجوانوں کی ایک خاصی تعداد کے ساتھ ساتھ خوش نما لباس زیب تن کئے بچے بھی قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوئے ۔نوجوان نسل نے بہار کی دستک اور بادام کے شگوفے میں لپٹی بادام وادری کے حسین نظاروں کو سمارٹ فونز کے کیمروں میں قید کیا ۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ جب فطرت خوشنما ہوتی ہے، موسم سہانا ہوتا ہے؛ تو انسان بھی اس موسم کا پورا لطف اٹھاتا ہے۔موسم بہار میں کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور زیادہ نکھر کرسامنے آتی ہے ۔کوہ ماراں کے دامن میں واقع بادام واری کو حال ہی میں جموں وکشمیر بینک نے بحال کرکے اس دلکش بنا دیا تھا ۔بادام واری کشمیر کی بہترین تفریحی پارکوں میں شمار ہوتی ہے ۔یہاں وسیع اراضی پر پھیلے بادام کے درختوں پر پھوٹ پڑے شگوفے سیاحوں اور سیلانیوں کی توجہ کے مرکز بننے ہوئے ہیں ۔مقامی سیلانی بھی ان نظاروں سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں ۔کچھ سیاح بھی اتوار کو یہاں نظر آئے جنہوں نے حسین نظاروں کو یادوں کے قید خانے میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند کردیا ۔