ڈورو //لوک سبھا ضمنی الیکشن کا بگل بجنے کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔پی ڈی پی ،کانگریس و نیشنل کا نفرنس کی جانب سے قاضی گنڈ اور ویری ناگ میں پارٹی کنونشنوں کا انعقاد ہوا جن میں لیڈران نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اپنے اپنے اُمیدواروں کو بھاری اکثرت سے کامیاب بنائے۔قاضی گنڈ ڈاک بنگلہ میں پی ڈی پی کی جانب سے پارٹی کنونشن منعقد ہوا ،جس میں ریاستی وزیر عبدالحق خان ،ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے اور پارٹی نائب صدر سرتاج مدنی نے شرکت کی ۔کنونشن میں لیڈران نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ لوک سبھا ضمنی الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پارٹی کے نامزد اُمیدوار تصدق مفتی کو بھاری اکثریت سے کا میاب بنائے۔لیڈران نے موجودہ مخلوط حکومت کی کارگردگی پر بھی روشنی ڈالی۔اُدھرویری ناگ اُموہ میں کانگریس پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی سے وابستہ سینکڑوں ورکروں نے شرکت کی ۔اجلاس میں ممبر اسمبلی شانگس گلزار وانی کے ساتھ ساتھ دیگر کئی لیڈران نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے ورکروں سے اپیل کہ وہ اننت ناگ پارلیمانی ضمنی انتخابات کے اُمیدوار غلام احمد میر کو بھاری اکثریت سے کا میاب بنائے تاکہ ریاست کو فرقہ پرست جماعتوں سے بچایا جائے۔لیڈران نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ نامزد اُمیدوار کے حق میں گھر گھر مہم چلائے۔سابق وزیر محمد اکبر گنائی کی تیسری برسی کے حوالے سے سادی واڑہ ڈورومیں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی سے وابستہ کانگریس و نیشنل کانفرنس لیڈروں وکارکنوں نے شرکت ۔نیشنل کانفرنس کے ضلع صد ر ڈاکٹر محمد شفیع،کانگریس کے ممبر اسمبلی گلزار احمد وانی اور ایڈوکیٹ فاروق احمد گنائی نے ورکروں سے خطاب کیا ۔اپنی تقریر میں لیڈران نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے ریاست کی سالمیت کو دائو پر لگادیا ہے۔پی ڈی پی نے اقتدار کی خاطر کشمیر مخالف فیصلوں پر لب کشائی بھی نہیں کی ،اور اب یہ پارٹی ریاست کے صدیوں پُرانی بھائی چارے کو زک پہنچانے کی کوشش میں جٹی ہوئی ہے۔