رانچی/ گزشتہ کئی برسوں سے پہلے انٹر نیشنل ھاکي کھلاڑی جھارکھنڈ کے گوپال بھینگرا کی مالی مدد کر نے والے سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر نے اتوار کو یہاں جے ایس سي اے اسٹیڈیم میں ان سے ملاقات کر کے ملنے کی پرانی حسرت کو پورا کر دیا۔سال 1978 کے بیونس آئرس میں کھیلے گئے چوتھے ہاکی ورلڈ کپ میں ہندستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے بھینگرا نے گواسکر سے مل کر ان کی مدد کے لئے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ گواسکر کے شکر گزار ہیں۔یہ پل گواسکر کے لئے بھی جذبات سے بھرا رہا اور انہوں نے بھی بھینگرا سے ملنے پر خوشی ظاہر کی۔گواسکر کی طرف سے بھینگرا کو کئی سالوں سے ساڑھے سات ہزار روپے کی ماہانہ مالی مدد دی جا رہی ہے ۔جھارکھنڈ کے پت ضلع کے تورپا ڈویژن کے اچر گاؤں کے رہنے والے بھینگرا سال 1975 سے 1985 تک ملک کے لئے ہاکی کھیلتے تھے ۔مغربی بنگال ریاست ھاکي ٹیم کے کپتان بھینگرا نے سال 1986 میں جسمانی وجوہات پر ھاکي کھیلنا چھوڑ دیا تھا اور گاؤں لوٹ آئے ۔فوج میں نوکری کرنے کے باوجود بھی کسی وجہ سے بھینگرا کو پنشن نہیں ملی۔سال 2000 میں ایک میگزین میں خبر شائع ہوئی کہ بھینگرا پتھر توڑنے کا کام کر رہے ہیں۔ گواسکر کو تب یہ جانکاری ملی تو انہوں نے بھینگرا کی مدد کرنے کی ٹھان لی۔گواسکر کی کمپنی پروفیشنل مینجمنٹ گروپ بھینگرا سمیت دیگر ضرورتمند کھلاڑیوں کو مدد کر رہی ہے ۔بھینگرا کو جب یہ پتہ چلا کہ گواسکر ہندستان آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ کی کمنٹری کرنے کے لئے رانچی آئے ہیں تو وہ گواسکر سے ملنے اور ان کے شکریہ کے لئے یہاں اسٹیڈیم پہنچے ۔جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر اجے ناتھ شاہ دیو نے بھینگرا کو اپنا مہمان بنا کر جے ایس سي اے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم بلایا اور گواسکر سے ملنے کی ان کی خواہش کو پورا کیا۔بھینگرا نے شاہ دیو کا بھی شکریہ ادا کیا۔بھینگرا نے ہندستان ۔آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کا بھی لطف اٹھایا۔یواین آئی