کولمبو، 19 مارچ (یو این آئی) شکیب الحسن (74 رن پر چار وکٹ) کی زبردست گیند بازی اور تمیم اقبال (82) رن کی اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کو سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن اتوار کویہاں چار وکٹ سے شکست دے کر اپنے تاریخی 100 ویں ٹیسٹ میچ کو یادگار بنا دیا۔بنگلہ دیش کی یہ سری لنکا کے خلاف بھی پہلی جیت ہے ۔بنگلہ دیش نے میچ کے آخری دن صبح سری لنکا کی دوسری اننگز کو 113.2 اوور میں 319 پر ڈھیر کر دیا جس سے اسے 191 رنز کا ہدف حاصل ہوا۔اس کے جواب میں اپنے ٹیسٹ تاریخ کا 100 واں میچ کھیل رہی بنگلہ دیشی ٹیم نے 57.5 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 191 رنز بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔بنگلہ دیش کی جیت میں اوپنر تمیم اقبال نے 82 رنز کی اہم نصف سنچری اننگز کھیلی۔شبیر رحمان نے 41 رنز اور کپتان مشفق الرحیم نے ناٹ آؤٹ 22 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچایا۔سری لنکا کے لیے دل رووان پریرا نے 59 رن پر تین وکٹ اور رنگنا ہیرات نے تین وکٹ حاصل کئے ۔مہمان ٹیم کے لیے یہ جیت بہت تاریخی ہے ۔یہ جہاں بنگلہ دیش کے 100 واں ٹیسٹ ہے وہیں اس کی سری لنکا کے خلاف پہلی جیت بھی ہے ۔اسی کے ساتھ اس نے سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں شکست ٹالتے ہوئے اس کو 1۔1 کی برابری پر ڈرا بھی کرا دیا۔بنگلہ دیش کا اب تک ٹیسٹ میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے اور اس نے اب تک اپنے 99 ٹسٹ میچوں میں محض آٹھ جیتے ہیں اور 76 ہارے ہیں۔15 ٹیسٹ ڈرا رہے ہیں۔بنگلہ دیش نے زمبابوے کے خلاف 14 ٹسٹ میں سب سے زیادہ پانچ جیتے ہیں۔بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 12 ٹیسٹ میچوں میں دو میں شکست دی ہے ۔بنگلہ دیش انگلینڈ کے خلاف 10 میچوں میں ایک میں جیت درج کر چکا ہے ۔سال 2000 میں ٹیسٹ درجہ پانے والے بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کے خلاف چار، ہندستان کے خلاف نو، نیوزی لینڈ کے خلاف 13، پاکستان کے خلاف 10، جنوبی افریقہ کے خلاف 10 اور سری لنکا کے خلاف اس میچ سے پہلے 17 ٹیسٹ کھیلے ہیں لیکن اسے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔پہلا ٹیسٹ 259 رنز سے جیتنے والی سری لنکا کی ٹیم نے میچ کے آخری دن صبح کا آغاز کل کے آٹھ وکٹ پر 268 رن سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا تھا ۔ اس وقت دل رووان پریرا 26 اور سرنگا لکمل 16 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔دونوں ناٹ آؤٹ بلے بازوں نے نویں وکٹ کے لیے 80 رنز کی زبردست شراکت کر ٹیم کو 300 کے پار پہنچا دیا اور کل کے اسکور میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔پریرا نے 174 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 50 رن اور لکمل نے 48 گیندوں میں چار چوکے لگا کر 42 رنز بنائے ۔تاہم پریرا نویں بلے باز کے طور پر رن آؤٹ ہو گئے اور پھر اگلے اوور میں لکمل کو شکیب نے مصدق حسین کے ہاتھوں کیچ کراکر سری لنکا کی اننگز 319 رنز پر سمیٹ دی۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 74 رن پر سب سے زیادہ چار وکٹ نکالے ۔ مستفیض الرحمن نے 78 رن پر تین وکٹ لئے ۔مہدی حسن معراج اور تاج الاسلام نے سری لنکا کی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یواین آئی۔ این اے ۔ م ساس کے بعد ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے 22 رن پر ہی دو وکٹ گنوائے ۔لیکن پھر اوپنر تمیم نے 125 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر 82 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ان کے ساتھ شبیر نے تیسرے وکٹ کے لئے 109 رن کی سنچری شراکت قائم کی۔شبیر نے 76 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے لگا کر 41 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔شکیب الحسن نے 15 رنز بنائے ۔دلچسپ موڑ پر آخری وقت میں کپتان مشفق نے 45 گیندوں میں ایک چوکا لگا کر ناٹ آؤٹ 22 رن اور ڈیبو کر رہے مصدق نے 28 گیندوں میں دو چوکے لگا کر 13 رنز بنا کر ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔اسی کے ساتھ دو میچوں کی سیریز 1۔1 سے برابری پر ختم ہوئی۔یواین آئی