لکھنؤ// اترپردیش کے نئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری کی تقریب میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سرپرست ملائم سنگھ یادو اور سبکدوش وزیر اعلی اکھلیش یادو نے مسٹر یوگی کو اسٹیج پر ہی مبارک باد دی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے دونوں کی مبارک بادیاں قبول کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو احترام سے اسٹیج پر بٹھایا۔ تھوڑی دیر بعد مسٹر ملائم سنگھ یادو کو وزیر اعظم نریندر مودی سے کان میں کچھ باتیں کرتے دیکھا گیا۔ حلف برداری کی تقریب میں ملائم سنگھ یادو اور اکھلیش خوش مزاج لگ رہے تھے ۔ بیچ بیچ میں مسٹر ملائم سنگھ یادو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لال کرشن اڈوانی اور نتن گڈکری سے بھی بات کرتے دیکھے گئے ۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد اپنی جگہ سے اٹھ کر ایس پی سرپرست ملائم سنگھ یادو اور ان کے بیٹے اکھلیش نے ایک بار پھر مسٹر یوگی کو مبارکباد دی۔ باپ بیٹے نے بعد میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور کابینہ وزیر سوامی پرساد موریہ کے ساتھ ہاتھ اٹھا کر لوگوں کو سلام کیا اور بعد میں وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ سے بھی کچھ دیر تک بات چیت کی۔ تقریب میں کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کا کوئی لیڈر نہیں دیکھا گیا۔ تقریب میں اس پر طرح طرح کی باتیں بھی ہوتی رہیں۔