سرینگر // پائین شہر میں خستہ حال سڑکیں مقامی آبادی کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہیں سڑکوں پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہو چکے ہیں جبکہ بارشوںکے دوران یہ سڑکیں تالابوںکی شکل اختیار کرتی ہیں۔خانیار ،بابہ ڈیمب ،نائو پورہ ،گوجوارہ اور پائین شہر کے دیگر علاقوں میں سڑکیں انتہائی خستہ حالت میں ہیں ۔مقامی شہری فاروق احمد نے بتایا کہ سڑکیں پہلے سے ہی خراب حالت میں تھیں اور اب حالیہ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے علاقہ میںسڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہوئی ہے۔خانیار میں غوثیہ ہسپتال کے سامنے سڑک کھنڈرات بن چکی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک ہر گہرے کھڈ ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل کے ساتھ ساتھ ہسپتال آنے والے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔بلال احمد نامی شہری نے بتایا کہ پائین شہر ایک ایسا علاقہ ہے جہاں حکومت یہاں کی سڑکوں کی تعمیر و تجدید کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔کئی میٹا ڈار ڈرائیوروں نے بتایا کہ پائین شہر کے بیشتر علاقوں میں بدحال سڑکوں کی وجہ سے انہیں نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔سمیر احمد نامی ڈرائیور نے بتایا ’’جب سڑک ٹھیک ہوگئی تبھی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل ٹھیک رہتی ہے مگر سڑکیں خستہ ہونے کی وجہ سے 20منٹ کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے ہوتا ہے کیونکہ جہاں جہاں سڑک خراب ہے وہاں کچھوے کی رفتار سے چلنا پڑتا ہے ‘‘۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پائین شہر کی سڑکیں معمولی بارشوں کے بعد ہی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیںجس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً نا ممکن بن جاتا ہے۔بانہ ڈیمب میں بھی سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ۔یہاں سڑک کا میکڈیم اکھڑ گیا ہے اور سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن گئے ہیں ۔مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ مقامی تاجروں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ پائین شہر میں سڑکوں کی مرمت کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔