نوم پینہ//ہندوستانی فٹ بال ٹیم بدھ کو جب کمبوڈیا کے خلاف بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلنے اترے گی تو اس کی نظریں تاریخ رقم کرنے پر لگی ھوں گی۔ہندستان نے غیر ملکی زمین پر اپنا آخری بین الاقوامی دوستانہ میچ جون 2006 میں پاکستان کے خلاف جیتا تھا جب اس نے موجودہ ٹیم کے منیجر شموگم وینکٹش کی قیادت میں پاکستان کو 1۔0 سے شکست دی تھی۔کوچ اسٹیفن کونسٹنٹائن کی رہنمائی میں موجودہ ٹیم کمبوڈیا کے خلاف مقابلے میں 11 سال پرانی تاریخ کا اعادہ چاہے گی۔کونسٹنٹائن کا خیال ہے کہ یہ مقابلہ مصنوعی گھاس پر ہوگا اور ایک کوچ کے لیے یہ ضرور فکر کی بات ہے لیکن وہ اس سے پریشان نہیں ہیں ۔ کوچ نے کہاکہ یہ مقابلہ مصنوعی گھاس پر ھوگا۔ اگرچہ ہم گھاس پر کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ہمیں تال میل قایم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے ایف سی کپ کوالیفائنگ میں میانمار کے خلاف ہونے والے میچ سے پہلے یہ میچ ہمارے لئے بہت اہم ہے ۔میں آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ہمارے لئے اس میچ کا انتظام کیا ہے ۔کوچ نے کہاکہ ٹیم میں چار پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جنہیں ہلکی پھلکي چوٹ ہے اس لئے میں نے اب تک آخری الیون کا فیصلہ نہیں لیا ہے ۔پہلے ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہمارے لئے کیا مناسب ہے ۔ جہاں تک موسم کی بات ہے تو یہاں کا موسم ٹھیک ینگون جیسا ہی ہے۔