سرینگر// سرینگر شہر میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ( پی ایچ ای) نے صارفین سے پانی کا فیس وصولنے کیلئے ایک ہمہ گیر مہم شروع کی ہے اور گذشتہ 2روز سے محکمہ کے گشتی سکارڈ شہر سرینگر کے مختلف علاقوں میں عوام کو پانی کا فیس ادا کرنے کی تلقین کررہے ہیں ۔محکمہ نے ہر علاقہ میں متعلقہ جونیئر انجینئر (جے ای) کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو اپنے اپنے علاقوں میں صارفین سے پانی کا فیس وصول کریں گے ۔منگل کو چھانہ پورہ ،باغات ،نٹی پورہ اور دیگر علاقوں میں محکمہ کا ایک گشتی سکارڈ محلوں میں گھومتا ہوا نظر آیا جو لائوڈ سپیکروں کے ذریعے عوام کو فیس ادا کرنے کی تلقین کررہے تھے ۔ پی ایچ ای کے چیف انجینئر جی ایم بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ نے امسال 23کروڑ روپے کا فیس وصول کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے اور اسکے علاوہ 3لاکھ کے پانی کے کنکشنوں کو رجسٹر کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس محکمہ نے صارفین سے 20کروڑ روپے کا فیس وصول کیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ پی ڈی ڈی کی طرح محکمہ پی ایچ ای بھی اب نئے کنکشنوں کا اندارج کررہا ہے ۔بٹ نے کہا کہ محکمہ نے گشتی لائوڈ سپیکروں کے ذریعے عوام کو فیس کی ادائیگی پر مائل کرنے کی مہم شروع کردی ہے اور فیس کی ادائیگی میں عام لو گ بھر پور ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔