سرینگر//مدینہ کالونی ملہ باغ میں ایک سال قبل منظور ی ملنے کے باوجود بھی ڈرین تعمیر نہیں کی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ فنڈس کی کمی کا بہانہ کرکے محکمہ آر اینڈ بی ڈرین تعمیر کرنے سے انکار کررہے ہیں جبکہ ڈرین کی منظوری سال 2016کے ابتدائی مہینوں میں ہی دی گئی تھی۔ڈرین نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ڈرین کی تعمیر میں مبینہ لیت و لعل کے خلاف آبادی میں سخت غم و غصہ ہے ۔مقامی شہری محمد انیس نے بتایا ’’ ہم نے مارچ 2016میں علاقے میں ڈرین تعمیر کرنے کیلئے درخواست دی تھی اور اس وقت چیف انجینئرنے یقین دہانی کرائی کہ سال 2016کے دوران ڈرین تعمیر کی جائے گی ‘‘۔انہوں نے بتایا کہ جولائی میں حالات بگڑ جانے کی وجہ سے کام شروع نہیں ہوسکا اور بعد میں جب حالات ٹھیک ہوئے تاہم آج تک ڈرین کی تعمیر شروع نہیں ہوئی۔اس حوالے سے ایگزیکیٹو انجینئر آر اینڈ بی مشتاق احمد نے بتایا کہ مذکورہ علاقے میں ڈرین کی تعمیر کو منظوری مل گئی ہے تاہم مالی دشواریوں کی وجہ سے ابھی کام شروع نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو سال سے ہمیں صرف 25فیصد فنڈس ہی دستیاب ہورہے ہیں اور اس وجہ سے کام میں تاخیر ہورہی ہے ۔ادھر چیف انجینئر آر اینڈ بی عبدالحمید نے اس بات کی تردید کی فنڈس دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کا پلان 150کروڑ روپے کا تھا جو حکومت نے واگذار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کالونی میں ڈرین کی تعمیر میں تاخیر کے معاملے کا نوٹس لیا جائے گا ۔