سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ ہندو پاک دوستی کیلئے وکالت کرتی آئی ہے اور اس ایجنڈا پر تا ایں دم قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے پُر امن بات چیت ضروری ہے کیونکہ آرپار کی آبادی بخوبی واقف ہے کہ جنگ سے بربادی اور بتاہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک حل طلب مسائل خصوصا ً مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ پورے برصغیر میں خصوصاً ریاست میں امن کی فضاء لوٹ آئے ۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک مل جل کر سندطاس آبی معاہدہ پر گفت شنید کر رہے ہیں تاکہ یہ مسئلہ بھی افہام تفہیم کے ساتھ حل کیا جائے ۔