سرینگر//فریڈم پارٹی،محاز آزادی اور ینگ مینز لیگ نے یوم پاکستان پر پاکستانی عوام اورحکومت پاکستان کو مبارک پیش کی ہے ۔فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کو منصئہ شہود پر لانے اور تصور پاکستان کو عملی شکل دینے کے لئے جو قرارداد23مارچ 1940کو پیش کی گئی تھی،اسے قائم رکھنے کے لئے پاکستانی قوم نظریہ اسلام ،قومی حمیت و جذبے اور اتحاد و اتفاق کے دامن کو تھام کر آگے بڑے گی۔اپنے بیان میںشبیر احمد شاہ نے کہا کہ دنیائے اسلام میں پاکستان کوکمزور کرنے کے لئے بیرونی اور اندرونی سطح پر سازشیں رچائی جارہی ہیں اور دنیا کے 57اسلامی ممالک میں اس کا جوکلیدی سیاسی کردار رہا ہے اسے گھٹانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ شبیرشاہ نے کہاکہ تصورپاکستان کی حقیقت تسلیم کرانے میں اور قیام پاکستان کی بنیادوں میںلاکھوں افراد کا مقدس خون شامل ہے اور آج بھی لاکھوں افراد اپنے دلوں میں جدائی کا دردو کرب لئے تصور پاکستان اور اس کے استحکام کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اپنا تن من دھن لٹارہے ہیں۔ محاذِ آزادی کے سرپرست اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ’ 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر ہم محسنین مِلّت علامہ اقبالؒ اور محمد علی جناح کو انتہائی عقیدت، عزت اور احترام کے جذبات کے ساتھ یاد کرنے کا موقع پارہے ہیں‘۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لازمی ہے کہ پاکستان کے عُلماء، دانشور اور سیاسی رہنما اِس نظریاتی مملکت کو پوری مِلّت اسلامیہ کی دعوتی سرگرمیوں کا مرکز اور محور بنادیں۔ اس دوران انقلابی نے کہا ’’جموں و کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے حکمران جمہوریت کی مٹی پلید کررہے ہیں۔ کہیں مزاحمتی قائدین گرفتار اور گھروں میں نظر بند ہوتے ہیں اور کہیں صحافیوں پر لاٹھیاں برساکر اُنہیں آدابِ غلامی سکھانے کی کوشش ہورہی ہے،جو قابل مذمت ہے‘‘۔ ینگ مینز لیگ نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان کی ضمانت میں ہی جنوبی ایشاء کے مسلمانوں کی سلامتی ہے۔